ہر سرکاری ملازم ترقی کا خواہشمند ہوتا ہے، تاہم اب ترقی کا عمل ایک نئی شرط سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) میں ملازمین کی ترقیوں کو آڈٹ کلیئرنس سے جوڑ دیا گیا ہے۔ اب ترقی کے لیے ملازمین کو “نو پینڈنگ آڈٹ پیرا سرٹیفکیٹ” حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لائن سپرنٹنڈنٹس گریڈ 1 اور 2 سمیت دیگر اہل ملازمین کی ترقی سے قبل آڈٹ کلیئرنس ضروری قرار دی گئی ہے۔ زیر التوا آڈٹ اعتراضات ختم کیے بغیر کسی ملازم کو ترقی نہیں دی جائے گی۔
پیسکو حکام نے ڈویژنل سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیر التوا آڈٹ اعتراضات فوری طور پر نمٹائیں۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پروموشن بورڈ کے اجلاس سے قبل تمام اہل ملازمین کی ڈویژنل آڈٹ کلیئرنس لازمی ہوگی۔
متعلقہ دفاتر کو آڈٹ کلیئرنس رپورٹس سات روز کے اندر جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ زیر التوا آڈٹ اعتراضات رکھنے والے ملازمین کو نو پینڈنگ آڈٹ پیرا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔ آڈٹ کلیئرنس میں تاخیر کی ذمہ داری متعلقہ ڈویژنز اور فارمیشنز پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






