تحریک انصاف کے رہنما، سابق وزیر حکومت ,چییرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالماجد خان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر میں شامل ہو گئے۔ شمولیت کی تقریب زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر اور آزاد کشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور نے انہیں پارٹی پرچم کا مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا۔
تقریب میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، سینئر مرکزی رہنما چوہدری محمد ریاض، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ روبینہ خالد، موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، سابق مشیر صدر آزاد کشمیر خان ناصر خان،ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال ، احمد خان سمیت رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالماجد خان کی شمولیت صدر پاکستان آصف علی زرداری ،چییرمین پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا مظہر اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پر اعتماد کا مظہر ہے ۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست عوامی خدمت، برداشت اور جمہوری اقدار پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ چییرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ۔ ۔صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دروازے تمام جمہوریت پسند اور عوامی خدمت پر یقین رکھنے والے افراد کے لیے کھلے ہیں۔
سینئر مرکزی رہنما چوہدری محمد ریاض نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی پارٹی مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ساتھیوں کی شمولیت سے پارٹی مزید فعال کردار ادا کرے گی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریات کی امین جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد مسلسل پیپلز پارٹی پر بڑھ رہا ہے اور عبدالماجد خان کی شمولیت اسی اعتماد کا اظہار ہے۔
اس موقع پر عبدالماجد خان نے کہا کہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور ریاست کے بہتر مستقبل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






