اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے بعد ملک میں 20 جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم ڈویژن، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے تیار کیے گئے ورکنگ پیپر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر سے زائد کمی کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر پیٹرولیم کو 7 مارچ کے بعد ہونے والے اضافے کا ازالہ کرنے کی ہدایت دی ہے، جس کے بعد حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔
ادھر عالمی منڈی میں عرب لائٹ خام تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور ایک ہفتے کے دوران اس کی قیمت 16 ڈالر کم ہو کر 80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔
دوسری جانب ممکنہ بڑی کمی کی اطلاعات کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض کمپنیوں نے ایک ہی مرحلے میں 55 روپے فی لیٹر کمی کے بجائے قیمتوں میں مرحلہ وار کمی کے لیے لابنگ شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے عرب لائٹ خام تیل کو بنیادی بینچ مارک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






