مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے ایڈہاک اور عارضی ملازمین کی مستقلی کے لیے قانون منظور ہونے پر مختلف ملازمین تنظیموں نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کیا۔
اسمبلی اجلاس کے اختتام پر جب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور اسمبلی سیکرٹریٹ سے باہر آئے تو سینکڑوں ایڈہاک اور عارضی ملازمین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملازمین نے وزیراعظم کو ہار پہنائے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے لگائے، جس سے اسمبلی سیکرٹریٹ کا ماحول پرجوش ہوگیا۔
اس موقع پر سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزراء حکومت سردار جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید، جاوید اقبال بڈھانوی، ترجمان حکومت شوکت جاوید میر اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن سمیت مختلف ملازمین تنظیموں کے عہدیداران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے ایڈہاک اور عارضی ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا کرکے ہزاروں خاندانوں کی خوشیوں میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روزگار کے تحفظ اور ملازمین کے حقوق کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا ہے اور کبھی کسی کا روزگار چھیننے کی سیاست نہیں کی۔
ملازمین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے والد، سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کی عوام دوست اور ملازم دوست پالیسیوں کی روایت کو برقرار رکھا ہے، جس پر وزیراعظم اور پوری کابینہ مبارکباد کی مستحق ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ انہیں یہ موقع ملا کہ سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کی برسی کے دن ملازمین سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملازمین موجودہ حکومت نے بھرتی نہیں کیے تھے، تاہم بلاامتیاز اور بلا تفریق ان کی مستقلی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، روزگار کے تحفظ اور معاشی استحکام پر یقین رکھتی ہے اور اس کے منشور “روٹی، کپڑا اور مکان” کا تقاضا ہے کہ عوام کے روزگار کا تحفظ کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم راجہ ممتاز حسین راٹھور کی عوام دوست اور ملازم نواز پالیسیوں کی یاد آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور موجودہ حکومت اسی سوچ کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






