مظفرآباد : وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔ موجودہ حکومت نے اپنے سات ماہ کے مختصر دورِ اقتدار میں عوامی فلاح و بہبود اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس ریاست بھر کے ہزاروں ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، جو طویل عرصے سے ریاستی اداروں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان ملازمین کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور ان کی توقعات کے مطابق نیک نیتی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی مستقلی کے لیے قانون سازی کی۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کا تعلق کسی ایک سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ وہ ریاست کے خدمت گزار ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ عوامی خدمت کے لیے وقف کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے ان ملازمین کو ان کا جائز حق دیا ہے، جس پر پوری پارلیمانی پارٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کی مستقلی کا یہ اقدام حکومت کے عوام دوست اور فلاحی وژن کا مظہر ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو معاشی تحفظ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے تمام ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقلی ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آئندہ بھی ملازمین اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






