عید پر خطرے کی گھنٹی؟ آزاد کشمیر کیلئے اہم وارننگ جاری

مظفرآباد: ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر سعید الرحمان قریشی نے خبردار کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران آزاد کشمیر میں شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ہے، جس کے باعث درجۂ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ محکمۂ موسمیات پاکستان کے مطابق درجۂ حرارت میں 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد پارہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں اور عوام کیلئے خصوصی ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں، سایہ دار مقامات پر رہیں اور تیز دھوپ میں کام کرنے سے احتیاط کریں۔

ڈی جی ایس ڈی ایم اے کے مطابق محکمۂ صحت کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن کے تحت اسپتالوں میں ہیٹ ویو سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ عوام کو گرمی کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close