وزیراعظم پاکستان کی مفت سولر اسکیم کے تحت گلگت بلتستان میں مستحقین کے انتخاب کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے اس اہم مرحلے کا افتتاح کیا ۔ اس منصوبے کے تحت خطے میں مجموعی طور پر 58 میگاواٹ کے سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے 40 میگاواٹ گھریلو صارفین کے لیے مختص ہیں جبکہ 18 میگاواٹ چھوٹے کاروباروں اور آئی ٹی (IT) اداروں کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں ۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری مشتاق احمد نے بتایا کہ درخواست دہندگان کے انتخاب کے لیے مکمل طور پر شفاف اور جدید ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے تاکہ حق داروں تک ان کا حق پہنچنا یقینی بنایا جا سکے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سولر پینلز کی تقسیم کا عمل وزیر توانائی کی سربراہی میں شفاف طریقے سے انجام دیا جائے گا۔ بی آئی ایس پی کے ڈیٹا کی بنیاد پر انتہائی مستحق خاندانوں کو سولر سسٹم کے ساتھ بیٹری اور انورٹر بھی مفت فراہم کیے جائیں گے ۔
صوبائی وزرا نے وزیراعظم کے اس اقدام کو گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ خطے کی معاشی و سماجی ترقی میں بھی یہ منصوبہ سنگ میل ثابت ہو گا ۔ انہوں نے خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے اور چھوٹے کاروباری طبقے کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچنے کی امید ظاہر کی ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






