ایپل کا بڑا اعلان، آئی فون 18 کو متعارف کرانے کی تیاریاں

ایپل نے آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا، نئی آئی فون سیریز کی رونمائی 9 ستمبر کو متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل اس سال آئی فون متعارف کرانے کی حکمت عملی میں تبدیلی کررہا ہے۔ ایونٹ میں آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی ’آئی فون الٹرا‘ کے نام سے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے آغاز میں پیش کیا جاسکتا ہے، جبکہ فولڈ ایبل آئی فون ایپل کا اب تک کا مہنگا ترین آئی فون ہوسکتا ہے، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب بلومبرگ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔ ممکنہ طور پر قیمت میں 100 ڈالر تک اضافہ کیا جائے گا۔

قیمت میں اضافہ ہونے کی صورت میں آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر سے بڑھ کر 1199 ڈالر ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس اضافے کی بڑی وجہ ریم اور دیگر چپس کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

ایونٹ میں آئی فونز کے علاوہ ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی، آئی پوڈ اور ایپل ٹی وی بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ تاہم مصنوعات کی حتمی تفصیلات اور قیمتوں کا اعلان ایونٹ کے موقع پر کیا جائے گا۔