دورانِ پرواز شادی، 178 مسافر بن گئے گواہ

امریکا میں گھر سے بھاگ کر شادی کے لیے لاس ویگاس جانے والے جوڑے نے دورانِ پرواز ہی ایسی شادی کرلی جس کا انہوں نے شاید خود بھی تصور نہیں کیا تھا۔

سارہ مونتالو اور ان کے بوائے فرینڈ لاس ویگاس جانے کے لیے ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کی پرواز میں سوار تھے کہ عملے کو ان کے شادی کے منصوبے کا علم ہوگیا۔

عملے نے جوڑے کو حیران کرتے ہوئے دورانِ پرواز ہی شادی کی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ طیارے میں موجود 178 مسافروں کے سامنے شادی کی تقریب ہوئی، جبکہ پائلٹ نے شادی کی رسومات مکمل کرائیں۔

شادی کی تیاری بھی انتہائی دلچسپ انداز میں کی گئی۔ فلائٹ اٹینڈنٹس نے ٹوائلٹ پیپر سے دلہن کا عروسی لباس تیار کیا، جبکہ گلدستہ بنانے کے لیے کافی کپ میں استعمال ہونے والی اسٹکس کام آئیں۔

سارہ مونتالو نے کہا کہ قسمت اس سے زیادہ ہمارا ساتھ نہیں دے سکتی تھی۔ انہوں نے طیارے کے عملے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی شادی کو ہمیشہ کے لیے یادگار بنا دیا۔