راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) راولپنڈی کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ بعد ازاں ان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، صحت کی سہولیات اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت کا پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پی کے ایل آئی راولپنڈی میں اب تک دو لیور ٹرانسپلانٹ کیے جاچکے ہیں، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق گردوں اور جگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کو پی کے ایل آئی راولپنڈی میں جدید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ پنجاب کے علاوہ خیبرپختونخوا، شمالی علاقوں اور آزاد کشمیر سے بھی مریض علاج کے لیے یہاں آتے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں اور دوسرے صوبوں سے آنے والے شہری بھی حکومت پنجاب کی طبی سہولیات کے اقدامات کو سراہ رہے ہیں۔






