پاسپورٹ آفس وقت سے پہلے بند، وزیر داخلہ کا پورا عملہ ہٹانے کا حکم

گوجرانوالہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریجنل پاسپورٹ آفس گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا جہاں دفتر مقررہ وقت سے پہلے بند اور عملہ غائب ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کے پہنچنے پر پاسپورٹ آفس کے دروازے بند تھے جبکہ شہریوں کا داخلہ بھی روک دیا گیا تھا۔ سہ پہر 4 بجے ہی دفتر میں صفائی کا کام جاری تھا اور چھٹی کا سماں تھا۔

وزیر داخلہ نے صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفس گوجرانوالہ کے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

محسن نقوی نے سوال کیا کہ دفتر کے اوقات کار ساڑھے 4 بجے تک ہیں تو 4 بجے ہی دفتر کو تالے کیوں لگا دیے گئے؟ دفتر بند کرکے صفائیاں کیوں کی جارہی ہیں اور شہریوں کو واپس کیوں بھیجا جا رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، عوامی خدمت پر مامور عملے کے خلاف سرکاری فرائض میں غفلت برتنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔