اسلام آباد (پی این آئی) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی منتظر ہیں کہ عمران نا اہل ہوں اور وہ پارٹی سنبھالیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود سپریم کورٹ کے اکثریتی ججز کی توہین کررہے ہیں، دو مداریوں کے ہاتھ میں تین ڈگڈیاں ہیں وہ روز بجا رہے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا خاتون جج کو دھمکیاں دینے والے تین ججزکے حامی اور ترجمان بن گئے ہیں، معزجج کے خلاف جھوٹا ریفرنس دائر کرنے والوں کو عدلیہ کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا عمرانی ٹولہ ہمیشہ آئین ، انصاف اور عوام کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ میں انتخابات سے متعلق چلنے والے کیس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتخابات سے متعلق کیس کی عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بنے گی۔انہوں نے کہا کہ بینچ میں موجود تینوں ججز ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور ہماری عدالتوں سے کوئی محاذ آرائی نہیں ہے تاہم 7 ججز میں سے 4 کے الگ ہوجانے سے کیس خارج ہوچکا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے الیکشن کیس کی سماعت کے لیے فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین یہ بھی کہتا ہے کہ الیکشن نگران حکومت کی زیرنگرانی ہونے چاہیئیں اور اگر ابھی 2 صوبوں میں حکومتیں بنتی ہیں تو پھر قومی اسمبلی کے انتخابات شفاف کیسے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں