//

ایران نے اسلام آباد معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے کا عندیہ دیدیا

تہران (آئی این پی): ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سفارتی محاذ پر بھی سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔ ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک ایران پر وعدہ خلافی کا الزام نہیں لگا سکتا، کیونکہ ایران نے اپنے تمام بین الاقوامی وعدوں پر عمل کیا ہے۔

تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے امریکا کے ساتھ طے پانے والی یادداشتِ مفاہمت کے تحت اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کیں، جبکہ امریکا نے مختلف بہانوں سے معاہدے کے متعدد حصوں کی خلاف ورزی کی۔ ان کے مطابق ایران نے ہر مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی۔

انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ عارضی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، بصورت دیگر اگر واشنگٹن جنگ کے خاتمے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرتا تو ایران بھی معاہدے پر مزید عمل درآمد کا پابند نہیں رہے گا۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایران کبھی بھی معاہدہ توڑنے میں پہل نہیں کرتا، تاہم اگر دوسری فریق اپنے وعدے پورے نہ کرے تو ایران بھی اسی کے مطابق اپنا لائحہ عمل اختیار کرے گا۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران اپنے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور حالیہ حملوں میں مارے جانے والے شہریوں کے خون کا انصاف حاصل کرنے کے لیے تمام قانونی اور بین الاقوامی ذرائع استعمال کرے گا، جبکہ امریکا اور اسرائیل کے مبینہ اقدامات کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کے لیے عمان کے ساتھ مشترکہ طریقہ کار پر کام کر رہا ہے، تاہم ان کے بقول مسقط پر امریکی دباؤ اس عمل میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close