کابل (آئی این پی): افغانستان کے وزیرِ زراعت، آب پاشی و لائیو اسٹاک مولوی عطا اللہ عمری نے دورۂ بھارت کے دوران کہا ہے کہ بھارت اور افغانستان کا “ڈی این اے ایک جیسا ہے”، جس کے بعد ان کا بیان سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گیا۔
دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولوی عطا اللہ عمری نے کہا کہ یہ ان کا بھارت کا پہلا دورہ ہے اور بھارتی حکومت، وزیرِ خارجہ اور دیگر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آ کر انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ اپنے ہی لوگوں کے درمیان موجود ہوں اور یہ ان کا اپنا ملک ہو۔
افغان وزیر نے ایک بھارتی صحافی سے گفتگو کے دوران کہا، “جیسا کہ آپ نے ذکر کیا، ہمارا اور آپ کا ڈی این اے ایک ہی ہے۔”
ان کے اس بیان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین مختلف آرا اور تبصرے کر رہے ہیں۔ بعض صارفین نے اس بیان پر تنقید کی، جبکہ کچھ نے بھارت اور افغانستان کے تعلقات کے تناظر میں طنزیہ تبصرے بھی کیے۔
یہ بیان سوشل میڈیا پر وسیع بحث کا باعث بنا ہے، تاہم اس حوالے سے بھارتی یا افغان حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






