لندن (آئی این پی): چیری وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے، جو جسم کی روزمرہ غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ دل کی صحت، قوتِ مدافعت اور بلڈ پریشر کو بہتر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق 100 گرام چیری میں روزانہ درکار وٹامن سی کا تقریباً 18 فیصد اور پوٹاشیئم کی یومیہ ضرورت کا تقریباً 10 فیصد موجود ہوتا ہے۔ وٹامن سی جسم کو مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے اور قوتِ مدافعت مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے، جبکہ پوٹاشیئم پٹھوں کی کارکردگی بہتر رکھنے اور بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
تحقیقی جریدوں میں شائع ہونے والی مطالعات کے مطابق چیری اینٹی آکسیڈنٹس، فلیوونائڈز اور سوزش کم کرنے والی قدرتی خصوصیات سے مالا مال ہے، جو جسم کو آکسیڈیٹو اسٹریس اور سوزش سے بچانے میں مدد دیتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چیری میں موجود پوٹاشیئم دل کی دھڑکن کو معمول پر رکھنے، جسم سے اضافی سوڈیئم خارج کرنے اور ہارٹ اٹیک و فالج کے خطرے کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یورک ایسڈ کی سطح متوازن رکھنے میں بھی چیری مفید سمجھی جاتی ہے، جبکہ یورک ایسڈ کی زیادتی ہائی بلڈ پریشر، گردوں کی پتھری اور دل کے بعض مسائل سے منسلک ہو سکتی ہے۔
ماہرین بالغ افراد کو روزانہ تقریباً 15 سے 25 چیریاں کھانے کا مشورہ دیتے ہیں، جبکہ بچوں اور نوعمر افراد کے لیے 15 سے 20 چیریاں مناسب مقدار قرار دی گئی ہے۔ تاہم چیری کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہاضمے کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے، اس لیے اسے اعتدال کے ساتھ کھانے کی سفارش کی جاتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






