//

پنجاب بھر میں سیکیورٹی فول پروف بنانے کے احکامات جاری

لاہور (آئی این پی): محکمہ داخلہ پنجاب نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر صوبہ بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع کو جامع ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق رؤیتِ ہلال کے مطابق 20 صفر المظفر 1448ھ، بمطابق 4 یا 5 اگست 2026ء کو چہلم حضرت امام حسینؓ منایا جائے گا۔ تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ امام بارگاہوں، جلوسوں اور مجالس کی سخت سکیورٹی یقینی بنائی جائے اور صرف منظور شدہ و لائسنس یافتہ جلوسوں کو مقررہ اوقات اور روایتی راستوں پر نکالنے کی اجازت دی جائے۔

محکمہ داخلہ نے حساس مقامات، اہم تنصیبات، مارکیٹوں اور رش والے علاقوں کی خصوصی نگرانی، جلوسوں کے راستوں کی مکمل سکیورٹی چیکنگ، ٹریفک پلان، پارکنگ کو مجالس سے کم از کم 500 گز دور رکھنے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی نگرانی، خواتین پولیس اہلکاروں اور تربیت یافتہ سنائپرز کی تعیناتی کی بھی ہدایت کی ہے۔

ہدایت نامے کے مطابق بین الصوبائی بارڈرز، داخلی و خارجی راستوں، ہوٹلوں، بس اڈوں، کرائے کے گھروں اور حساس علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی، جبکہ ڈرون سرویلنس، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سرچ آپریشنز اور سرپرائز چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

محکمہ داخلہ نے فرقہ وارانہ مواد، نفرت انگیز تقاریر اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ قابل اعتراض مواد کی اطلاع کے لیے واٹس ایپ نمبرز 03073087777 اور 03073097777 بھی فعال رہیں گے۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، فائر بریگیڈ، ہسپتالوں، فیلڈ ہسپتالوں، کنٹرول رومز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھا جائے، جبکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولت کے تمام انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close