لاہور (آئی این پی): لاہور کی سیشن عدالت نے اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا چدھڑ کی عبوری ضمانت میں 28 جولائی تک توسیع کر دی۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا ہے، لہٰذا عبوری ضمانت منظور رکھی جائے۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ سمیرا چدھڑ شاملِ تفتیش ہو چکی ہیں، تاہم تفتیش ابھی جاری ہے اور فرانزک تجزیے کے لیے ان کا سم استعمال ہونے والا موبائل فون درکار ہے۔ انہوں نے تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت دینے کی استدعا کی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 28 جولائی تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ بھی طلب کر لی۔
یاد رہے کہ این سی سی آئی اے نے یہ مقدمہ اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں درج کر رکھا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






