//

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کرپشن کیخلاف بڑا اقدام، سرکاری افسران اور ملازمین کو نوٹسز جاری

لاہور (آئی این پی): محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے کرپشن، مالی بے ضابطگیوں اور مزارات کے نذرانوں و غلے کی رقم میں مبینہ خرد برد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت متعدد افسران اور ملازمین کو کروڑوں روپے مالیت کی ریکوری کے حتمی نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ کے مطابق یہ احتسابی کارروائی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “کرپشن سے پاک پنجاب” وژن اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی ہدایات کے تحت کی جا رہی ہے تاکہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کا بلاامتیاز محاسبہ کیا جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق دربار حضرت داتا گنج بخشؒ لاہور کے سابق مینیجر اوقاف (برخاست شدہ) طاہر مقصود کو عرس کے دوران مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر ایک کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ سابق ایڈمنسٹریٹر اوقاف شیخ جمیل احمد کو بھی ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں۔

اسی طرح مرکزِ معارفِ اولیا، میاں میر لاہور کے سابق ریسرچ اسسٹنٹ حافظ جاوید شوکت، اوکاڑہ کرپشن کیس میں سابق مینیجر اوقاف شفقت عباس، سابق سینئر کلرک عامر ستار، سابق رینٹ کلرک زوار حسین، دربار حضرت بی بی پاک دامن کے سابق مینیجر اوقاف زاہد اقبال اور دربار حضرت بابا بلھے شاہ کے سابق مینیجر اوقاف طارق محمود نجمی کو بھی مختلف مقدمات میں لاکھوں اور کروڑوں روپے کی ریکوری کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

محکمہ اوقاف کے مطابق متعلقہ افسران اور ملازمین نے چیف سیکرٹری پنجاب، بطور اپیلیٹ اتھارٹی، کے سامنے اپیلیں دائر کر رکھی ہیں، جن پر مروجہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close