مومنہ اقبال کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ، ثاقب چڈھر اور انکی اہلیہ کو عدالت سے بڑا ریلیف

اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں ثاقب چڈھر اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور کی سیشن کورٹ میں اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ لیگی رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت کی درخواست پر ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے سماعت کی، جس کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت میں 28 جولائی تک توسیع کر دی۔

سماعت کے دوران مومنہ اقبال کی جانب سے ان کے وکیل عدنان احسان عدالت میں پیش نہ ہو سکے، جبکہ ثاقب چڈھر اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ عدالت میں حاضر ہوئے۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ سمیرا شاملِ تفتیش ہو چکی ہیں اور ان کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے، تاہم تفتیش مکمل کرنے کے لیے سم استعمال ہونے والا فون بھی درکار ہے۔ تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ مقدمے کی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں ثاقب چڈھر اور دیگر کے خلاف ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close