محکمہ موسمیات کی پیش گوئی: صفر المظفر کا چاند 15 جولائی کو نظر آنے کا امکان
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے صفر المظفر کے چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے قمری مہینے کا چاند 15 جولائی کی شام نظر آنے کے روشن امکانات ہیں، جس کے نتیجے میں یکم صفر 16 جولائی کو ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 14 جولائی کو دوپہر 2 بج کر 43 منٹ پر ہوگی، جبکہ 15 جولائی کی شام چاند کی رویت کے لیے فلکیاتی حالات انتہائی سازگار ہوں گے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف رہنے اور بہتر موسمی حالات کے باعث چاند دیکھنے کے امکانات روشن ہیں۔ کراچی میں غروبِ آفتاب کے بعد چاند تقریباً 64 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جس کے باعث شہریوں اور فلکیاتی ماہرین کو رات 8 بج کر 28 منٹ تک چاند دیکھنے کا موقع میسر ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ سائنسی اور فلکیاتی اعداد و شمار چاند نظر آنے کے قوی امکانات ظاہر کرتے ہیں، تاہم ماہِ صفر کے آغاز کا حتمی اور شرعی اعلان ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






