لائیو نشریات کے دوران نیوز اینکر کی آنکھ لگ گئی، پھر کیا ہوا؟

امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس کی ٹی وی اینکر ڈومینک ڈیلن اس وقت سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں جب وہ لائیو نشریات کے دوران چند لمحوں کے لیے سو گئیں۔

ڈومینک ڈیلن فاکس 13 کے مارننگ شو ’گڈ مارننگ میمفس‘ کی اینکر ہیں۔ 29 جولائی کو پروگرام کے دوران کیمرے کے سامنے بیٹھے ہوئے انہوں نے چند سیکنڈ کے لیے آنکھیں بند کر لیں اور انہیں احساس بھی نہ ہوا کہ وہ لائیو نشریات کے دوران سو گئی ہیں۔ آنکھیں کھولنے پر انہیں معلوم ہوا کہ کیمرہ اگلے شاٹ پر جا چکا ہے۔

ڈومینک نے بعد میں واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس صورتحال پر بے حد شرمندہ ہوئیں اور انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ کسی ڈراؤنے خواب سے گزر رہی ہوں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹوڈیو میں موجود پروڈیوسرز کو بھی ابتدا میں اندازہ نہیں ہوا کہ وہ سو گئی ہیں، بلکہ انہیں لگا کہ اینکر اپنے ٹیبلٹ کی طرف دیکھ رہی ہیں۔

واقعے کی اصل وجہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کے بجائے ڈومینک سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وہ دو بچوں کی ماں ہیں، جن میں بڑی بیٹی دو سال جبکہ چھوٹی بیٹی صرف آٹھ ماہ کی ہے۔

ڈومینک کے مطابق واقعے سے ایک رات قبل ان کے شوہر ڈبل شفٹ پر تھے، جس کے باعث بچوں کی دیکھ بھال کی تمام ذمہ داری ان پر تھی۔ انہوں نے رات تقریباً 8 بجے بچوں کو سلانے کی کوشش کی، تاہم آٹھ ماہ کی بیٹی دانت نکلنے کی تکلیف کے باعث سو نہیں رہی تھی۔ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد بچی رات 10:30 سے 11 بجے کے درمیان سو سکی، جس کے بعد ڈومینک کو کام پر جانے سے پہلے صرف چند گھنٹے آرام کا موقع ملا۔

اینکر نے بتایا کہ وہ عام طور پر رات ڈیڑھ بجے اٹھتی ہیں تاکہ صبح سویرے شروع ہونے والی ڈیوٹی کی تیاری کرسکیں۔ شدید تھکن کے باعث ہی وہ لائیو پروگرام کے دوران چند لمحوں کے لیے سو گئیں۔

واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیشتر صارفین نے ڈومینک کو ورکنگ مدر ہونے کی وجہ سے سپورٹ کیا۔ فاکس 13 نے بھی اپنی اینکر کا دفاع کرتے ہوئے اس واقعے کو ’پاور نیپ‘ قرار دیا اور کہا کہ اس واقعے نے نئی ماؤں کے لیے ملازمت اور بچوں کی پرورش کے درمیان توازن قائم کرنے کی مشکلات کو اجاگر کیا ہے۔