وطن کے شہدا اور غازیوں کو سول اعزازات دینے کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 78 افراد کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت گیلنٹری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا اور شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو سول اعزازات دینے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مختلف کیٹیگریز کے تحت مجموعی طور پر 78 افراد کو سول اعزازات دینے کی منظوری دی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اور غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کا احسان مند ہے اور ان کی عظیم قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ چاروں صوبوں کے نمائندوں نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔






