پی ٹی آئی لانگ مارچ، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ پی پی پی سے بھی رابطے کا امکان

پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کردہ لانگ مارچ کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ حکمران اتحاد میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی سے بھی رابطے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر قیادت کی جانب سے پیپلز پارٹی سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلے میں 14 اگست کے بعد پی ٹی آئی کا وفد مختلف اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجا، جنید اکبر، عامر ڈوگر اور عاطف خان سمیت 7 ارکان اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ خیبرپختونخوا کی سطح پر بھی سیاسی رابطے کیے جائیں گے، جبکہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے دو روز قبل پشاور میں جلسے کے دوران 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتیں شروع نہ ہوئیں، ذاتی معالج سے علاج کی اجازت نہ دی گئی اور عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوئی تو 27 ستمبر کو اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے ہر آئینی اور قانونی راستہ اختیار کیا، تاہم شنوائی نہیں ہوئی۔