امریکا کی متعدد ریاستوں میں آلودہ جالپینو مرچوں کے باعث سالمونیلا کی وبا پھیلنے کی اطلاعات ہیں، جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد بیمار ہوئے ہیں۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے مطابق سالمونیلا جاویانا سے متعلق ایک فعال وبائی تحقیقات جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ جالپینو مرچیں میکسیکو کی ریاست سِنالوا سے امریکا پہنچیں اور مختلف ڈسٹری بیوٹرز، ریستورانوں اور فوڈ سروس کمپنیوں کو فراہم کی گئیں۔ متعدد متاثرہ افراد نے بیماری کی علامات ظاہر ہونے سے قبل میکسیکن طرز کے ریستورانوں میں کھانا کھانے کی اطلاع دی، جس کے بعد متعلقہ ریستورانوں نے مشتبہ جالپینو مرچوں کا استعمال روک دیا۔
سالمونیلا ایک بیکٹیریا ہے جو آنتوں میں انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔ اس کی عام علامات میں دست، بخار اور پیٹ میں مروڑ یا درد شامل ہیں۔ عموماً آلودہ غذا کھانے کے 12 سے 72 گھنٹے کے اندر علامات ظاہر ہوسکتی ہیں اور بیماری کئی دن تک برقرار رہ سکتی ہے۔ کم عمر بچوں، بزرگوں اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد میں پیچیدگیوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
حکام نے ڈسٹری بیوٹرز، ریستورانوں اور فوڈ سروس اداروں کو ہدایت کی ہے کہ میکسیکو کی سِنالوا سے درآمد کی گئی مشتبہ تازہ جالپینو مرچیں فروخت یا استعمال نہ کی جائیں۔ ایسی مرچیں جو فریز کرکے محفوظ کی گئی ہوں، انہیں بھی ضائع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خصوصاً جب ان کے سپلائر کی تصدیق نہ ہوسکے۔ مرچوں کے رابطے میں آنے والی سطحوں، برتنوں اور کنٹینرز کو اچھی طرح صاف اور جراثیم سے پاک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اگر کسی شخص نے حال ہی میں میکسیکن طرز کے ریستوران میں کھانا کھانے کے بعد سالمونیلا سے ملتی جلتی علامات محسوس کی ہوں تو اسے طبی مشورہ حاصل کرنا چاہیے۔ امریکا میں اس کے ساتھ ساتھ سائیکلو اسپورائسس سے متعلق ایک اور کثیر ریاستی وبا کی بھی تحقیقات جاری ہیں، جس سے حالیہ غذائی بیماریوں پر صحت حکام کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔






