امریکی فوجی آپریشنز کے کمانڈر عہدے سے اچانک برطرف ، وجہ کیا ؟ جانئے

یورپ میں امریکی فوجی آپریشنز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل چارلس کوسٹانزا کو اچانک ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، تاہم برطرفی کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق جنرل چارلس کوسٹانزا کی مدتِ کمان دو ماہ بعد ختم ہونا تھی اور ان کی جگہ میجر جنرل تھامس فیلٹی کو تعینات کیا جانا تھا۔ امریکی فوج نے جمعے کو کوسٹانزا کو کمان سے ہٹائے جانے کی تصدیق کی۔

فوجی ترجمان کے مطابق کوسٹانزا امریکی فوج کی V کور کے کمانڈر تھے، تاہم انہیں ہٹائے جانے کے حالات تاحال واضح نہیں ہیں۔ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے دور میں دو درجن سے زائد اعلیٰ عہدے داروں کو ہٹایا یا ان کے اختیارات محدود کیے جاچکے ہیں، جبکہ اکثر معاملات میں اس کی عوامی سطح پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

کوسٹانزا کی جگہ میجر جنرل تھامس فیلٹی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ فیلٹی کی تعیناتی کی پہلے ہی سینیٹ سے منظوری حاصل کی جاچکی تھی اور انہیں اکتوبر میں کمان سنبھالنا تھی۔

تاہم امریکی میڈیا کے مطابق معاملے سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ کوسٹانزا کو ہٹانے کا تعلق امریکی فوج کی اعلیٰ قیادت میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں یا کسی سیاسی معاملے سے نہیں تھا۔