امریکا نے سعودی عرب اور کویت کے لیے اربوں ڈالر کے دفاعی معاہدوں کی منظوری دے دی
امریکا نے مشرقِ وسطیٰ کے اہم اتحادی ممالک سعودی عرب اور کویت کے لیے اربوں ڈالر مالیت کے ممکنہ فوجی اور دفاعی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے لیے تقریباً 1.96 ارب ڈالر کے دفاعی پیکج کی منظوری دی گئی ہے، جس کا مقصد مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس پیکج میں جدید گائیڈڈ ہتھیاروں کا نظام شامل ہے، جس کے تحت سعودی عرب کو فضا سے فضا اور فضا سے زمین میں مار کرنے والے 10 ہزار، 10 ہزار جدید گائیڈنس سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔ ان نظاموں کی مدد سے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق دفاعی پیکج میں گائیڈنس سسٹمز کے علاوہ لانچرز، دھماکہ خیز وار ہیڈز، راکٹ موٹرز، فیوز، اسپیئر پارٹس، تکنیکی معاونت، فوجی تربیت اور لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہے تاکہ ان ہتھیاروں کی مؤثر دیکھ بھال اور استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔
بیان کے مطابق اس منصوبے کی مرکزی کمپنی بی اے ای سسٹمز ہوگی، جو امریکی ریاست نیو ہیمپشائر میں قائم ہے۔
دوسری جانب امریکا نے کویت کے لیے بھی 484 ملین ڈالر مالیت کے دفاعی معاہدے کی منظوری دی ہے۔ یہ پیکج کویتی فضائیہ کے زیرِ استعمال C-17 فوجی مال بردار طیاروں کی دیکھ بھال، مرمت اور آپریشنل صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت کویت کو طیاروں کے اسپیئر پارٹس، جدید اپ گریڈ کٹس، مواصلاتی نظام، سافٹ ویئر، تکنیکی دستاویزات، لاجسٹک معاونت اور تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ فضائیہ کے نقل و حمل کے طیارے ہر وقت آپریشنل حالت میں رہ سکیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ان دفاعی معاہدوں کا مقصد خطے میں اپنے اتحادی ممالک کی دفاعی استعداد میں اضافہ اور مشترکہ سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






