پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ اجلاس کا ایک طے شدہ ایجنڈا تھا، تاہم اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں منعقد کرنے کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست وہ تاریخ ہے جب 2023 میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مسلسل قید کی مذمت کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ بھی دہرایا۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پارٹی نے مختلف مقدمات میں عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے، تاہم اب تک اپیلوں پر فیصلے سامنے نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی اور اپوزیشن اتحاد مشترکہ طور پر کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 5 اگست کو ہونے والا احتجاج ماضی کے احتجاجی مظاہروں سے مختلف نوعیت کا ہوگا، تاہم اس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ احتجاجی ریلیوں کا مقصد اپنے سیاسی مؤقف کو عوام کے سامنے پیش کرنا اور عمران خان کی رہائی کے مطالبے کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے، جبکہ احتجاج کے مقامات، شیڈول اور دیگر انتظامات سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






