جاپان نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ایران، لبنان اور فلسطین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 1 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جاپانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ امداد صحت، طبی سہولیات، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائے گی۔
جاپانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جمعے کے روز کیے گئے اعلان کے مطابق ایران، لبنان اور فلسطین کے مغربی کنارے میں جاری بحران کے پیشِ نظر 1 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کی ہنگامی گرانٹ جاری کی جا رہی ہے۔
جاپانی وزارتِ خارجہ کے مطابق اس امداد کا مقصد صحت، طبی نگہداشت، خوراک اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ بیان کے مطابق یہ رقم براہِ راست حکومتوں کو دینے کے بجائے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (ہلالِ احمر)، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی) اور دیگر فلاحی تنظیموں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں فروری کے آخر میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں نے ایران اور لبنان اور اس سے قبل اسرائیلی فوج کی غزہ اور فلسطین کے مغربی کنارے میں جارحیت نے عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔
تہران سمیت ایران کے متعدد شہروں، لبنان اور مغربی کنارے میں بمباری کی وجہ سے تعلیمی ادارے، اسپتال، مکانات اور پانی کے پانی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں پر اسرائیلی قبضے کی وجہ سے لاکھوں لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں، جہاں خوراک، ادویات اور پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے۔
جاپان کی اس ہنگامی امداد میں حالیہ فوجی کشیدگی سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے سب سے بڑا حصہ ایران کو دیا گیا ہے۔
ایران کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ امریکی ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ اس رقم میں سے 40 لاکھ ڈالر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کو پانی، صفائی اور صحت کی سہولیات کے علاوہ دیگر بنیادی اشیاء کی فراہمی کے لیے دیے جائیں گے۔
آئی ایف آر سی کو صحت اور طبی نگہداشت کے لیے 25 لاکھ ڈالر، ورلڈ فوڈ پروگرام کو غذائی امداد کے لیے 20 لاکھ ڈالر، جبکہ ہلالِ احمر کو صحت اور طبی خدمات کے لیے 15 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لبنانی شہریوں کی مدد کے لیے مجموعی امداد 40 لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔
ہلالِ احمر کو لبنان میں صصحت اور طبی سہولیات کے لیے 15 لاکھ ڈالر، ورلڈ فوڈ پروگرام کو خوراک کی فراہمی کے لیے 10 لاکھ ڈالر، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کو پناہ گاہوں، کیمپوں کے انتظام اور دیگر بنیادی اشیاء کے لیے 10 لاکھ ڈالر، جبکہ یونیسیف کو پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے منصوبوں کے لیے 5 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
فلسطین کے مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں متاثرہ بچوں اور خاندانوں کے لیے پینے کے صاف پانی اور نکاسِ آب کے تباہ شدہ نظام کی بحالی کے لیے 10 لاکھ امریکی ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جو یونیسیف کے ذریعے پانی، صفائی اور حفظانِ صحت سے متعلق منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔
جاپانی وزارتِ خارجہ کے مطابق اس ہنگامی امداد کے علاوہ جاپانی حکومت نے اپنے ایک الگ نیٹ ورک ’جاپان پلیٹ فارم‘ کو بھی 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر (تقریباً 9 کروڑ 60 لاکھ جاپانی ین) فراہم کیے ہیں۔ اس رقم سے جاپان کی مقامی این جی اوز لبنان میں موجود پناہ گزینوں میں روزمرہ کی ضروریات کا سامان اور راشن تقسیم کر رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






