صبح 7 بجے آئیں اور دوپہر 12 بجے گھر جائیں! ملازمین کے لیے بڑا تحفہ

کویت: حکومتِ کویت نے موسمِ گرما کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقاتِ کار کم کرتے ہوئے ملازمین کے لیے روزانہ 6 گھنٹے ڈیوٹی مقرر کر دی۔ نئے اوقاتِ کار یکم جون سے 31 اگست 2026 تک نافذ العمل رہیں گے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ اوقاتِ کار صبح اور شام دونوں شفٹوں پر لاگو ہوں گے جبکہ ملازمین کو دی جانے والی رعایتی مہلتیں بھی برقرار رہیں گی۔

سول سروس کمیشن کی ہدایات کے تحت مرد و خواتین ملازمین کو 30 منٹ کی رعایتی مہلت حاصل ہوگی، جسے وہ صبح تاخیر سے آنے یا ڈیوٹی ختم ہونے سے قبل استعمال کر سکیں گے۔ خواتین ملازمین کو واپسی کے وقت اضافی 15 منٹ کی رعایت بھی دی گئی ہے۔

صبح کی شفٹ کے لیے فکسڈ اور فلیکسیبل اوقات کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ فلیکسیبل نظام کے تحت ملازمین صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان کسی بھی وقت دفتر آ سکتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اگر کوئی ملازم صبح 7 بجے دفتر پہنچتا ہے تو خواتین کی ڈیوٹی دوپہر 12:15 بجے جبکہ مردوں کی 12:30 بجے ختم ہوگی۔ اسی طرح صبح 8 بجے آنے کی صورت میں خواتین کی ڈیوٹی 1:15 بجے اور مردوں کی 1:30 بجے ختم ہوگی۔

اگر کوئی ملازم مکمل 30 منٹ کی رعایتی مہلت استعمال کرتے ہوئے 8:01 سے 8:30 بجے کے درمیان دفتر پہنچے تو خواتین کی ڈیوٹی 1:45 بجے جبکہ مرد ملازمین کی 2 بجے ختم ہوگی۔

شام کی شفٹ شام 5 بجے شروع ہوگی۔ مرد ملازمین کو صرف آغاز میں 30 منٹ کی رعایت دی جائے گی جبکہ خواتین کو اختتام پر اضافی 15 منٹ کی سہولت حاصل ہوگی۔

وزارتِ انصاف کے حکم نامے کے مطابق اتوار سے جمعرات تک 6 گھنٹے کے فلیکسیبل اوقات کی منظوری دی گئی ہے جبکہ صبح 8:30 بجے کے بعد آنے والے ملازمین کی تاخیر شمار کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close