اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کے مطابق تقریباً 30 منٹ جاری رہنے والی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے ممالک کے عوام اور پوری مسلم اُمہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران ایرانی شہریوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے انتھک کوششیں کیں اور امید ظاہر کی کہ امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا، جو ایرانی قوم کے وقار کے مطابق ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا اور امن کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے لیے روشن مستقبل موجود ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے بھی الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔
کویتی ولی عہد سے گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، جبکہ وزیراعظم نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر کویت کی حمایت کو سراہا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی خطے میں امن کے لیے پاکستان کے مؤثر کردار کی تعریف کی، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں اور غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






