محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ راولپنڈی، پشاور اور لاہور سمیت متعدد اضلاع میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دیر، چترال، سوات، کوہستان، مری، گلیات، آزاد کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، جبکہ سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر شدید آندھی اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ شدید آندھی اور ژالہ باری سے کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔






