کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں 14 اور 15 ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق خلیج بنگال یا بحیرہ عرب میں بننے والا نیا موسمیاتی سلسلہ ڈپریشن کی شکل اختیار کر رہا ہے، جس کے باعث اگلے ہفتے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 14 اور 15 ستمبر کو کراچی میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر یہ سسٹم ساحل کے قریب پہنچ کر مزید شدت اختیار کرتا ہے تو کم وقت میں شدید بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے، اربن فلڈنگ، ٹریفک میں خلل اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم مسلسل مانیٹرنگ میں ہے۔ چونکہ لیٹ مون سون کے سسٹمز کی سمت اور شدت میں تیزی سے تبدیلیاں آتی ہیں، اسی لیے 14 اور 15 ستمبر کے حوالے سے کوئی حتمی اور یقینی پیشگوئی فی الحال جاری نہیں کی گئی۔
شہریوں اور متعلقہ انتظامیہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آنے والے دو سے تین دنوں میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ حتمی ایڈوائزری پر نظر رکھیں۔





