طالب علموں کے لیے بڑی خبر! مفت ای بائیک اسکیم

لاہور: مفت الیکٹرک بائیک حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے شرائط سامنے آگئیں، درخواست دینے کے لیے لرنر یا موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر طلبہ کے لیے سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم فیز ٹو کا آغاز کردیا گیا۔ ای بائیکس کے لیے پورٹل کھولے جانے کے بعد صرف دو روز میں پنجاب سے 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ نے رجسٹریشن کرالی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسکیم میں 2 لاکھ 65 ہزار طلبہ کی درخواستیں جمع ہونے کا عمل جاری ہے، جبکہ ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ کی درخواستیں پراسیس مکمل ہونے کے بعد جمع ہوگئیں۔ طلبہ 4 اکتوبر تک ای بائیک اسکیم کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔

اسکیم کے تحت ڈاؤن پیمنٹ معاف کردی گئی ہے، جبکہ حکومت پنجاب طلبہ کی جانب سے انٹرسٹ اور انشورنس کی رقم بھی ادا کرے گی۔ ای بائیک حاصل کرنے والے طلبہ صرف 3 ہزار 28 روپے ماہانہ ادا کریں گے۔

اسکیم کے لیے پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے۔ ایچ ای سی سے منظور شدہ کسی بھی سرکاری یا نجی کالج یا یونیورسٹی کا ریگولر طالب علم ہونا بھی ضروری ہے۔

طالب علم کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے، جبکہ اپلائی کرنے کے لیے لرنر یا مستقل موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ایک ہی خاندان سے صرف ایک طالب علم اس اسکیم کا اہل ہوگا۔

بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ طلبہ کو ای بائیک کے استعمال کی دو روزہ ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

حکومت نے پراسیس مکمل ہونے کے بعد 6 ہفتوں میں ای بائیکس کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔