بارشوں کا نیا سلسلہ کب شروع ہو گا؟ اہم پیشگوئی آ گئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کا آغاز 27 اگست سے ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 27 اگست سے گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ 26 اگست کو درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 27 اگست سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

کراچی میں گرمی اور حبس کی صورتحال برقرار ہے اور سمندری ہواؤں کی رفتار میں کمی آئی ہے۔ شہر میں آج درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ جنوب مغربی سمت سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں رواں ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی و پہاڑی علاقوں میں خصوصی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ دنوں مسلسل موسلادھار بارشوں کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی بھی نافذ کی جا چکی ہے۔