لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق طویل عرصے تک جاری رہنے والی شدید گرمی کے بعد لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف ملا۔ گجرات اور اس کے گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
پسرور اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی، جبکہ نارووال میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ غیر معمولی بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں جھیلیں پھٹنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ممکنہ خطرات کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چترال، دیر، سوات اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقامی آبادی اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





