نیویارک: کیا آپ نے کبھی واٹس ایپ میں کسی مہینوں یا برسوں پرانے چیٹ میسج کو تلاش کرنے کی کوشش کی ہے اور کافی دیر تک اسکرولنگ کے بعد بھی ناکام رہے ہیں؟ اگر ہاں تو واٹس ایپ نے صارفین کے اس مسئلے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب مطلوبہ میسج کو ایک کلک پر سرچ کیا جاسکے گا۔
ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ چیٹس کے اندر ایک سرچ شارٹ کٹ فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں یہ فیچر نظر آیا ہے۔
ابھی کسی چیٹ کے اندر سرچ کرنے کے لیے چیٹ کو چھوڑ کر چیٹ انفو اسکرین میں جانا ہوتا ہے، جہاں سرچ پر کلک کرکے مطلوبہ میسج تلاش کیا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ فیچر کام کرتا ہے، تاہم ہر صارف کے لیے اسے استعمال کرنا اتنا اچھا تجربہ نہیں ہوتا۔
اسی وجہ سے کمپنی کی جانب سے نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت ایک سرچ بٹن چیٹ اسکرین کا حصہ بنایا جائے گا۔ یہ بٹن اسکرین پر مستقل موجود نہیں ہوگا بلکہ اس وقت ظاہر ہوگا جب صارف اوپر کی جانب پرانے میسجز میں اسکرولنگ کرے گا۔
بظاہر یہ معمولی تبدیلی محسوس ہوتی ہے، تاہم اس سے صارفین کو پرانے میسجز تلاش کرنے میں درپیش بڑی مشکل ختم ہوجائے گی۔
یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں نظر آیا ہے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے عام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
چیٹس کے ساتھ ساتھ یہ فیچر چینلز کا حصہ بھی بنایا جا رہا ہے، جہاں صارفین کسی چینل کی پوسٹس میں موجود پرانی اپ ڈیٹس کو بھی سرچ کرسکیں گے۔






