کوئٹہ: بلوچستان میں سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی کنوینس الاؤنس 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا۔
حکومتِ بلوچستان نے معذور سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے خصوصی کنوینس الاؤنس میں نمایاں اضافے کا اعلان کیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن محکمہ خزانہ نے جاری کردیا۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی کنوینس الاؤنس کی رقم 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کردی گئی ہے۔
نظرثانی شدہ الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا اور یہ خصوصی کنوینس الاؤنس ملازمین کو پہلے سے ملنے والے معمول کے کنوینس الاؤنس کے علاوہ دیا جائے گا۔
الاؤنس کے حقدار وہ تمام سرکاری ملازمین ہوں گے جو معذور کوٹے پر بھرتی ہوئے ہیں یا جنہیں باقاعدہ میڈیکل بورڈ کی جانب سے معذور قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی وفات پر معاونتی پیکیج میں تبدیلی کی تھی۔ پیکیج کو عمومی وفات اور سیکیورٹی سے متعلقہ وفات کے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی سے متعلقہ وفات پر گریڈ کے مطابق ایک سے دو کروڑ روپے تک لمپ سم گرانٹ مقرر کی گئی ہے۔ شہید ملازم کے خاندان کو ریٹائرمنٹ کی عمر تک مکمل تنخواہ اور الاؤنسز ملیں گے، جبکہ شہدا کے بچوں کو گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی۔
شہید کی بیوہ یا بچوں میں سے ایک کو بی ایس 1 تا 15 میں مستقل ملازمت بھی دی جائے گی۔






