واٹس ایپ صارفین کیلئے بڑا اپ ڈیٹ، اکاؤنٹس مزید محفوظ

واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی اور آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے نئی حفاظتی سہولیات متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

واٹس ایپ کی جانب سے پہلے ہی 2 مرحلہ تصدیق کی سہولت موجود ہے، جس کے تحت 6 ہندسوں پر مشتمل خفیہ کوڈ کے ذریعے اکاؤنٹ کو اضافی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ تاہم اس نظام میں صارفین کو روایتی کوڈ کے بجائے حروف، اعداد اور خصوصی علامات پر مشتمل مضبوط پاس ورڈ رکھنے کی سہولت دستیاب نہیں۔

نئے سیکیورٹی اقدامات میں پاس کیز کو بھی اہمیت دی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین کو لاگ اِن کے لیے نام اور پاس ورڈ کے روایتی طریقہ کار پر کم انحصار کرنا پڑے گا۔ پاس کیز کے استعمال سے کسی دوسرے شخص کے لیے دور بیٹھ کر صارف کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنا مزید مشکل ہوجائے گا۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک اور تبدیلی کے تحت غیر محفوظ شدہ نمبرز سے آنے والی کالز کے بارے میں مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ صارف یہ بھی جان سکے گا کہ کال کرنے والا نمبر کسی دوسرے ملک سے ہے یا نہیں۔

آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین پاس کیز کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس کو دھوکا دہی، جعل سازی اور غیر مجاز رسائی سے بچانے کے لیے مزید مضبوط سیکیورٹی حاصل کرسکیں گے۔

واٹس ایپ کے مطابق نئی حفاظتی سہولیات کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو بڑھتے ہوئے آن لائن خطرات سے مزید محفوظ بنانا ہے۔