پاکستان کو تقسیم کرنے والوں سے عوام کو بچانا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان کے اندر بھی اتحاد کی ضرورت ہے، عوام کو فتنہ اور مفاد پرست عناصر سے بچانا ہوگا جو قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد قابلِ فخر قومی روایت ہے، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، مشائخ اور محققین ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں۔ نبی اکرم ﷺ ہماری پہچان، عزت اور جان ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب نبی اکرم ﷺ کی رحمت کے سائے میں ایک ملت ہیں، جبکہ نئی نسل پاکستان کی امید اور مستقبل ہے۔ سیرتِ طیبہ اخلاق و کردار کا کامل نمونہ ہے اور واقعہ طائف صبر و برداشت کی عظیم مثال پیش کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال جنگ کے دوران پوری قوم متحد رہی، موقع ملا تو امت مسلمہ کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق مشترکہ کوششوں سے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی ہوئی اور مسلمان ممالک کو تقسیم کرنے کی دشمنوں کی سازش ناکام ہوئی۔

انہوں نے امن کے لیے خدمات پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر کھڑا تھا لیکن جنگ بندی کرائی گئی، جبکہ سعودی ولی عہد آہنی دیوار کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ دفاعی مشترکہ معاہدہ کیا ہے، جبکہ ترکیہ اور سعودی عرب مخلص ساتھی ہیں اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ گزشتہ سال جنگ کے دوران بھی پوری قوم یکجان تھی۔ ان کے مطابق مسلمانوں میں تقسیم کی سازش کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ناکام بنایا، تاہم آج پاکستان کے اندر بھی قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔