بابر اعظم کا دوٹوک اعلان، ٹیم میں کوئی کھلاڑی اہم نہیں

لارڈز (آئی این پی) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم میں کوئی کھلاڑی اہم نہیں، جس کی ٹیم کو ضرورت ہوگی وہی کھیلے گا، بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو میدان میں اتاریں گے۔

لارڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ آج پچ دیکھنے کے بعد فیصلہ ہوگا کہ فائنل الیون کیا ہونی چاہیے، حتمی ٹیم کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ٹیم کی ذمہ داری کسی ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بولرز 20 وکٹیں حاصل کریں گے تو بیٹرز کی بھی ذمہ داری ہے کہ رنز بنائیں۔ جو کھلاڑی پرفارم نہیں کر رہے، انہیں اعتماد دینے کی کوشش کریں گے۔ سینئر کھلاڑیوں پر کوئی بوجھ نہیں بلکہ ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھ کر پرفارم کریں۔

بابر اعظم نے کہا کہ صرف محمد رضوان نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اچھی کارکردگی دکھائیں۔ لارڈز میں جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ پہلے ٹیسٹ میں ٹیم نے اچھا نہیں کھیلا، اس لیے بیٹھ کر خامیوں پر بات کی ہے۔

کپتان نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں دوسرا اسپنر سلمان علی آغا تھے، جبکہ عبداللہ شفیق کو اسی نمبر پر کھیلنا چاہیے جس پر وہ کھیل رہے ہیں۔

بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ پارٹنرشپ بننے کے بعد پاکستان کی بیک ٹو بیک وکٹیں گرنے کا مسئلہ موجود ہے، جس پر مزید توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کریں گے اور اس بار کارکردگی پہلے میچ سے مختلف نظر آئے گی۔

انہوں نے اپنی فٹنس کے حوالے سے کہا کہ وہ اگلے میچ اور باقی سیریز کے لیے 90 فیصد فٹ ہیں۔