//

کیا آئی فون 18 پرو ایپل کا مہنگا ترین فون ہوگا؟لانچ اور قیمت سے متعلق بڑی خبر

ایپل کا ممکنہ بڑا اپ ڈیٹ پلان، آئی فون 18 پرو سیریز اور پہلا فولڈیبل آئی فون متوقع

ایپل کے صارفین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں رپورٹس کے مطابق کمپنی ستمبر 2026 میں اپنی تاریخ کی اہم ترین آئی فون اپ ڈیٹس میں سے ایک متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ ایپل کا پہلا فولڈیبل آئی فون بھی پہلی بار پیش کیا جا سکتا ہے۔

اگرچہ ایپل نے ان منصوبوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم بلومبرگ کے صحافی مارک گورمن سمیت مختلف ذرائع کے مطابق کمپنی نئی نسل کے آئی فونز، فولڈیبل ڈیوائسز اور مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق مصنوعات پر کام کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل کی سالانہ لانچ تقریب 8 یا 9 ستمبر 2026 کو منعقد ہونے کا امکان ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات ان ابتدائی ممالک میں شامل ہو سکتا ہے جہاں نئے آئی فونز کی پری آرڈر بکنگ ایونٹ کے فوراً بعد شروع کی جائے گی۔ توقع ہے کہ صارفین کو نئے فونز کی فراہمی 18 ستمبر سے شروع ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایپل اس بار آئی فون لائن اپ کو دو مراحل میں متعارف کرا سکتا ہے۔ پہلے مرحلے میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈیبل آئی فون پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ معیاری آئی فون 18، آئی فون 18e اور نئی نسل کا آئی فون ایئر 2027 کے آغاز میں متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔

ڈیزائن کے حوالے سے رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو سیریز کا مجموعی انداز موجودہ ماڈلز سے ملتا جلتا ہو سکتا ہے، تاہم اس میں بڑے کیمرا ماڈیول، زیادہ طاقتور بیٹری اور بہتر ویپر چیمبر کولنگ سسٹم شامل کیے جانے کی توقع ہے، جس سے گیمنگ، فوٹوگرافی اور اے آئی فیچرز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ ممکنہ نئے رنگوں میں ڈارک چیری، لائٹ بلیو، سلور اور ڈارک گرے شامل ہیں۔

کئی سالوں سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد ایپل کے پہلے فولڈیبل آئی فون کی آمد بھی متوقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس ڈیوائس میں مضبوط ہنج، بہتر پائیداری اور جدید صارف تجربے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ اسے آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ ایک پریمیم ماڈل کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔

قیمتوں کے حوالے سے بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمت میں تقریباً 200 ڈالر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو یہ ایپل کی اب تک کی مہنگی ترین مرکزی آئی فون سیریز بن سکتی ہے۔

متوقع فیچرز میں نئی 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی A20 Pro چپ، بہتر کیمرا سسٹم، ویری ایبل اپرچر ٹیکنالوجی، مزید جدید فیس آئی ڈی، چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ اور بہتر بیٹری لائف شامل ہیں۔ تاہم ان تمام تفصیلات کی حتمی تصدیق ایپل کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد ہی ہو سکے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close