پانی کی معمولی سی بات پر خونی تصادم؟ 62 سالہ کرکٹ کوچ انتقال کر گئے

کولمبو (آن لائن) سری لنکا میں 62 سالہ کرکٹ کوچ اسمتھ فرنینڈو کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کے بعد انتقال کر گئے۔ فرنینڈو نے اسکول کرکٹ کے دور میں سری لنکا کے موجودہ ون ڈے کپتان کوسل مینڈس سمیت کئی کھلاڑیوں کی کوچنگ کی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ایک 17 سالہ اسکول کرکٹر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جسے عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد 17 اگست تک چائلڈ پروبیشن کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ 8 اگست کو کولمبو میں کرکٹ ٹریننگ سیشن کے دوران پیش آیا۔ مبینہ طور پر پانی کے حصول پر کھلاڑیوں اور کلب کے ایک ملازم کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوا تھا۔

رپورٹس کے مطابق جھگڑے کے دوران فرنینڈو بھی تصادم کی زد میں آئے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ منگل کو دورانِ علاج دم توڑ گئے۔

اسمتھ فرنینڈو کولمبو کے موراتووا میں واقع پرنس آف ویلز کالج کے سابق کوچ تھے۔ انہوں نے اپنے کوچنگ کے دور میں کوسل مینڈس سمیت متعدد باصلاحیت اسکول کرکٹرز کی تربیت کی۔

کوسل مینڈس بعد ازاں سری لنکا کے اہم بین الاقوامی کھلاڑیوں میں شامل ہوئے اور اس وقت قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔