ربیع الاول رحمت، ہدایت اور بھائی چارے کا پیغام ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ماہِ ربیع الاول کی آمد پر امتِ مسلمہ اور پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ربیع الاول اسلامی تاریخ کا نہایت بابرکت اور مقدس مہینہ ہے، جسے نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے نسبت حاصل ہے۔

اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔ سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے عدل، انصاف، مساوات، برداشت، رواداری، صبر اور اخوت کا درس دیا۔ آج امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی اختلافات کو افہام و تفہیم، حکمت اور مکالمے کے ذریعے حل کرنا چاہیے، جبکہ معاشرے میں امن، محبت، رواداری، صبر و برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول ہمیں مستحق اور حاجت مند افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتا ہے۔ ہمیں اس بابرکت مہینے کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے ضرورت مندوں کی مدد اور معاشرے میں خیر و بھلائی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء پوری قوم کے محسن ہیں۔ ربیع الاول کے بابرکت موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و اجر کی دعا کرتے ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور امتِ مسلمہ کو امن، ترقی، خوشحالی، اتحاد اور استحکام عطا فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ اور اسوۂ حسنہ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔