پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دیدی، سیریز 2-2سے برابر

کراچی (پی این آئی ) سیریز کے چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے۔ انگلینڈ کے کپتان معین علی نے چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔ پاکستان کے اوپنر محمد رضوان اور بابر اعظم نے ایک بار پھر اچھا آغاز فراہم کیا، محمد رضوان نے 38 گیندوں پر 50 رنز مکمل کیے۔

ڈاؤسن کے اوور میں بابر اعظم اونچا شارٹ کھیلتے ہوئے ڈکٹ کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 28 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔ محمد رضوان کا ساتھ دینے شان مسعود کریز پر پہنچے۔ 19ویں اوور میں ڈیوڈ ویلی نے شان مسعود کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، وہ 19 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ 3 گیندوں پر 2 رنز بنا کر معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 67 گیندوں پر 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

 

تیسری گیند پر محمد آصف نے تیسری اور آخری گیند پر شاندار چھکا مارا، اس طرح پاکستان نے 166 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹوپلے نے 4 اوورز میں 37 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیام ڈاؤسن نے 32 رنز دے کر ایک اور ڈیوڈ ویلی نے 31 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو پہلے اوور میں ہی محمد نواز نے سالٹ کو محمد وسیم جونیئر کے ہاتھوں کیچ کرایا، جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔

محمد حسنین نے الیکس ہیلز کو 5 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا، عثمان قادر نے ایک شاندار کیچ تھاما، چھٹی گیند پر ویل جیکس کو بولڈ کر دیا۔ محمد نواز نے اچھی باؤلنگ جاری رکھی، اور دوسری گیند پر بین ڈوکیٹ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، ان کے ریویو لینے کا فیصلہ بھی درست ثابت نہیں ہوا اور ٹی وی امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا، وہ 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح پاکستان نے چوتھی کامیابی حاصل کی اور 57 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کے 4 بلے باز پولین لوٹ چکے تھے۔ معین علی کا کہنا تھا کہ ہم پہلے باؤلنگ کریں گے کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ لائٹ میں پچ بہتر کھیلے گی، ہم نے گزشتہ میچ میں ہدف کا اچھا تعاقب کیا تھا، پہلے بیٹنگ یا باؤلنگ کرنے سے زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اچھی بیٹنگ لائن اپ ہے، ہم 200 رنز یا زائد رنز کا ہدف بھی حاصل کر سکتے ہیں لیکن ہمیں اچھی باؤلنگ کرکے جلدی وکٹیں لینا ہوں گی تاکہ ان پر دباؤ بڑھائیں۔

ان کا کہنا تھا ہم نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں، ملان کی جگہ ایلکس ہیلز، سیم کیوران کی جگہ ڈیوڈ ولی جبکہ مارک ووڈ کی جگہ اولی اسٹون ڈیبیو کر رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ 180 سے 190 رنز کا دفاع کیا جاسکتا ہے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کے لیے 200ویں ٹی 20 میچ میں کپتانی کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، حیدر علی کو معمولی انجری ہے ان کی جگہ آصف علی اور شاہنواز دھانی کی جگہ وسیم جونئیر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سات میچز پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان پر 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان الیون کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، محمد حسنین پر مشتمل ہے جب کہ انگلینڈ الیون الیکس ہیلز، وکٹ کیپر فل سالٹ، وِل جیکس، بین ڈکٹ، ہیری بروک، کپتان معین علی، ڈیوڈ ولی، ریسی ٹوپلے، عادل رشید، اولی سٹون، لیام ڈاوسن پر مشتمل ہے۔

close