میرا نے نوجوان فنکاروں کو کھلا چیلنج کر دیا

پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے نئی نسل کے فنکاروں، خصوصاً جنریشن زی (Gen Z) کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان اداکار ابھی تجربہ کار ستاروں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران میرا نے اپنے فلمی کیریئر، ماضی کے یادگار منصوبوں اور شوبز انڈسٹری میں اپنے تجربات پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے اپنی مشہور فلم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں بابر علی کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک خوش گوار اور یادگار تجربہ تھا، جہاں شوٹنگ کے دوران کئی دلچسپ لمحات بھی پیش آئے۔

میرا نے سینئر فنکاروں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستانی سنیما کے ساتھ ان کا تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فلم انتہا میں ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنا میرے کیریئر کا ایک اہم سنگِ میل تھا۔

میرا نے نوجوان اداکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنریشن زی میرا مقابلہ نہیں کر سکتی۔

ان کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو پہلے اپنی اداکاری اور فنی صلاحیتوں پر مزید محنت کرنی چاہیے، پھر خود کو سینئر فنکاروں کے برابر لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے نوجوان فنکاروں کو کلاسک فلمیں دیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ’سائیکو‘ جیسی فلمیں دیکھیں اور پھر ثابت کریں کہ آپ اسی معیار کا کام کر سکتے ہیں۔

میرا نے کہا کہ اگر نوجوان فنکار واقعی اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھتے ہیں تو انہیں میرا اور سینئر اداکار شان شاہد جیسے فنکاروں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

میرا کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی اور پرانی نسل کے فنکاروں کے درمیان موازنے کی بحث ایک بار پھر شروع ہو گئی ہے۔

بعض صارفین نے میرا کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے تجربے اور ورثے کو اہم قرار دیا، جبکہ دیگر نے کہا ہے کہ نئی نسل کے فنکار ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اسٹریمنگ سروسز اور سوشل میڈیا کے ذریعے انڈسٹری میں نئی جہتیں متعارف کرا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close