خاتون کو بچانے کی کوشش میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن شہید

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم ایک خاتون کو مبینہ حملہ آور سے بچاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نائنتھ ایونیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو خاتون کا ہاتھ کھینچتے دیکھا۔ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے وہ واپس مڑے اور موٹرسائیکل سوار کے قریب جا کر صورتحال جاننے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق خاتون گروپ کیپٹن عاصم کی گاڑی کی جانب آ گئی، جس پر مبینہ ملزم سعد نے ان سے تلخ کلامی کی اور بعد ازاں فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے گروپ کیپٹن عاصم شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت پا گئے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے بیان کے مطابق ملزم اس کا دفتر میں ساتھی ملازم تھا، جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی، تاہم بعد میں راستہ تبدیل کر کے اسے کسی اور مقام پر لے جانے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کی۔

پولیس کے مطابق خاتون نے بتایا کہ گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کر کے اسے محفوظ بنایا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم شہید اپنے سوگواران میں بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا چھوڑ گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close