لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نوجوان نسل کو اس مضر عادت سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
عالمی یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر عوامی مقامات پر تمباکو نوشی قانوناً جرم ہے اور حکومت اس پابندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی کسی بھی مہلک بیماری سے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے اور اس کا ہر کش انسان کو ایک نئی بیماری کی طرف لے جاتا ہے۔ ان کے مطابق تمباکو نوشی محض ایک عادت نہیں بلکہ صحت، معیشت اور معاشرت پر خود ساختہ حملے کے مترادف ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر کے سکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی پر پابندی کے نفاذ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں میں دل کے امراض اور ہارٹ اٹیک کی بڑھتی ہوئی شرح کی ایک بڑی وجہ تمباکو نوشی اور ویپ کا استعمال بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے تمباکو کو وبا سے بھی بدتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا صرف حکومت ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی کے باعث ملک میں سالانہ اڑھائی لاکھ سے زائد اموات تشویشناک اور افسوسناک ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے اہل خانہ اور پیاروں کو سگریٹ کے دھوئیں سے پاک اور صحت مند ماحول فراہم کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج ہی تمباکو نوشی ترک کرنے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کا عہد کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






