زمین کی گہرائیوں میں خفیہ ماحولیاتی نظام دریافت

مشی گن (آئی این پی) زمین کی سطح سے سیکڑوں فٹ نیچے چٹانوں اور پانی میں بھی زندگی کی ایک پیچیدہ دنیا موجود ہے، جہاں فنگس اور دیگر ننھے جاندار ایک مکمل ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق University of Michigan کی ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ زیرِ زمین گہرائیوں میں فنگس کی تعداد سائنس دانوں کے سابقہ اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔

یونیورسٹی کی ڈاکٹریٹ کی طالبہ کوئن مون کی سربراہی میں کی گئی تحقیق میں ٹیم نے زمین سے تقریباً 1640 فٹ نیچے گیس کے کنوؤں سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونوں کا جائزہ لیا۔

سائنس دانوں نے جینیاتی تکنیکوں اور مائیکروسکوپی کی مدد سے فنگس کی 689 اقسام کی شناخت کی، جن میں 13 ایسی اقسام بھی شامل ہیں جنہیں پہلے کبھی بیان نہیں کیا گیا تھا۔

تحقیق میں ایک قطرے میں تقریباً 250 فنگل خلیے پائے گئے، جبکہ اولمپک سائز کے ایک سوئمنگ پول میں ان کی تعداد 12 ٹریلین سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

محققین کو وہاں دیگر پیچیدہ جاندار بھی ملے، جن میں ٹارڈی گریڈز اور ننھے جسم والے کیڑے شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ جاندار مل کر ایک حقیقی زیرِ زمین فوڈ ویب تشکیل دے رہے ہیں، جہاں کچھ جاندار ایک دوسرے کو خوراک بناتے ہیں جبکہ کچھ ممکنہ طور پر طفیلی زندگی گزارتے ہیں۔

یہ تحقیق ISME Journal میں شائع ہوئی ہے۔