//

وزن کم کرنے والی ادویات سے متعلق نیا انکشاف!خبردار!!!

ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ویگووی اور مونجارو جیسی وزن کم کرنے والی ادویات صرف موٹاپے اور ذیابیطس کے علاج تک محدود نہیں بلکہ یہ شراب نوشی سے متعلق پیچیدگیوں میں بھی ممکنہ طور پر مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق ان ادویات کے استعمال سے شراب نوشی کے باعث اسپتال میں داخل ہونے کے خطرے میں کمی دیکھی گئی ہے۔

جی ایل پی-1 گروپ سے تعلق رکھنے والی یہ ادویات جسم میں ایسے ہارمونز کی نقل کرتی ہیں جو خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے اور بھوک کم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ ابتدائی تحقیق سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ یہ ادویات بعض افراد میں شراب پینے کی خواہش کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

امریکا میں کی جانے والی اس تحقیق میں جنوری 2018 سے دسمبر 2024 تک 40 ہزار 703 افراد کے طبی ریکارڈز کا جائزہ لیا گیا، جنہوں نے سیماگلوٹائڈ یا ٹیرزیپیٹائڈ پر مبنی ادویات کا استعمال شروع کیا تھا۔ محققین نے ذیابیطس، موٹاپے اور شراب نوشی سے متعلق مسائل رکھنے والے مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق جی ایل پی-1 ادویات استعمال کرنے والے افراد میں شراب نوشی سے متعلق اسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ دیگر ذیابیطس کی ادویات استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں 26 فیصد کم پایا گیا۔ اسی طرح وزن کم کرنے کے لیے یہ ادویات لینے والے افراد میں دیگر موٹاپا کم کرنے والی ادویات کے مقابلے میں شراب سے متعلق اسپتال داخلوں کا خطرہ 32 فیصد کم دیکھا گیا۔

تاہم محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ نتائج حوصلہ افزا ہیں، لیکن اس حوالے سے دستیاب شواہد ابھی محدود ہیں اور مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ ان ادویات کے ممکنہ اثرات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close