اساتذہ کیلئے اہم خبر ، حکومت کا تعلیمی نتائج پر اساتذہ کو انعام یا سزا دینے کا فارمولا تیار

پنجاب حکومت نے نویں جماعت کے تعلیمی نتائج کی بنیاد پر بہترین کارکردگی دکھانے والے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طلبا کی حوصلہ افزائی، جبکہ ناقص نتائج دینے والے ذمہ دار اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق 80 فیصد یا اس سے زائد نتائج حاصل کرنے والے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طلبا کو خصوصی بیجز اور تعریفی اسناد دی جائیں گی، جبکہ 60 سے 79 فیصد نتائج حاصل کرنے والوں کو سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا۔ سی ای اوز کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے اعزاز میں تعریفی تقریبات منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب نویں جماعت میں 20 فیصد سے کم نتائج دینے والے سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے ذمہ داران کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بی ایس 16 اور اس سے کم گریڈ کے اساتذہ کے خلاف کارروائی ضلعی سطح پر کی جائے گی، جبکہ بی ایس 17 اور اس سے زائد گریڈ کے ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کے کیسز محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھجوائے جائیں گے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق اچھے نتائج دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور ناقص کارکردگی پر احتساب کیا جائے گا۔ اساتذہ کی کارکردگی اور طلبا کے نتائج کی بنیاد پر انفرادی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔

متعلقہ حکام کو محکمانہ کارروائی کی پیشرفت کے حوالے سے ہر 15 روز بعد رپورٹ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کو جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔